کیریئر رہنمائی

کیا آپ کیCV میں بھی یہ 5 غلطیاں ہیں ؟

عاطف شہباز13 اگست 202615 منٹفیس بک پر فالو کریں
کیا آپ کیCV میں بھی یہ 5 غلطیاں ہیں ؟

ابتدائیہ

میں نے اپنے بیس سالہ کیرئیر میں بہت ساری جابز کے لئے اپلائی کیا، بہت دفعہ انٹرویو دیے اور پھر کامیابی سے ملٹی نیشنل کمپنیوں سے آفر لیٹر بھی حاصل کیے۔

اس کے علاوہ بطور ہائرنگ مینیجر خود بھی مختلف جابز کے لئے ہائرنگ کرتا رہا۔

آج میں آپ کو اپنے تجربے کی روشنی میں بتا رہا ہوں کہ ایک جاب ہائرنگ کی عمومی کہانی تقریباً اس طرح ہوتی ہے:

  • نوکری کا اشتہار دیا تو اس پر پانچ سو درخواستیں آگئیں۔
  • ان 500 درخواستوں میں 50 کو سافٹ وئیر نے ٹاپ ففٹی کی رینکنگ دی۔
  • ٹاپ 50 میں سے HR نے چھانٹی کر کے 20 شارٹ لسٹ کیے۔
  • جن بیس امیدواروں کی سی وی ہائرنگ مینیجر کو گئی ان میں سے پانچ کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا۔
  • پانچ امیدواروں کے انٹرویو کے بعد ایک کو نوکری پر رکھ لیا گیا۔

یہ نمبر تھوڑے بہت اوپر نیچے ہو سکتے ہیں مگر اصل کہانی ہر ہائرنگ میں تقریباً یہی دیکھی ہے میں نے۔

پانچ سو درخواستوں سے ایک امیدوار کے منتخب ہونے تک ہائرنگ کا سفر۔

پانچ سو درخواستوں سے ایک امیدوار کے منتخب ہونے تک ہائرنگ کا سفر۔

پہلے آپ ہائرنگ کی نفسیات کو سمجھیں۔

جب کسی مینیجر کے پاس بیس عدد CV (Curriculum Vitae) آئی ہوں تو وہ ہر ایک سی وی پر آدھا گھنٹہ نہیں لگا سکتا، نہ ہی وہ اسی وقت یہ فیصلہ کر سکتا ہے کہ ان میں سے کس کو رکھنا ہے۔ یا کس کو انٹرویو کے لئے بلانا ہے۔ بلکہ سب سے پہلے وہ یہ فیصلہ کرے گا کہ ان میں سے کس امیدوار پر وقت ضائع نہیں کرنا۔

تو وہ پہلے بیس کاغذات کی چھانٹی کرے گا، ہر سی وی اس نیت سے دیکھے گا کہ میں نے اس کو کیوں نہیں بلانا، اور اپنا بوجھ کم کرے گا۔

جیسے جیسے اس کے پاس بوجھ کم ہوتا جائے گا، باقی امیدواروں پر پھر وہ زیادہ وقت لگائے گا اور ان کو تفصیل سے دیکھے گا۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی سی وی آپ کو انٹرویو تک پہنچا دے تو پھر کچھ اہم غلطیوں کو دور کرنا ہوگا، جن میں سے پانچ پر میں آپ سے اس آرٹیکل میں بات کروں گا۔

پہلی غلطی: ہم اپنی سی وی کو ایک اشتہار نہیں سمجھتے۔

زیادہ تر لوگ سی وی کو صرف ایک دستاویز سمجھتے ہیں جس میں اپنی تعلیم، تجربہ اور مہارتیں لکھ دی جاتی ہیں۔ یہی سوچ پہلی اور سب سے بڑی غلطی ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ آپ کی CV ایک پیشہ ورانہ اشتہار (Advertisement) ہے۔

سی وی کو ایک پیشہ ورانہ اشتہار سمجھنے کی وضاحت۔

سی وی کو ایک پیشہ ورانہ اشتہار سمجھنے کی وضاحت۔

اب ذرا اشتہار کے مقصد پر غور کریں۔ کسی اشتہار کا بنیادی مقصد یہ نہیں ہوتا کہ وہ فوراً کوئی چیز فروخت کر دے۔ اس کا اصل مقصد یہ ہوتا ہے کہ وہ آپ کی توجہ حاصل کرے اور آپ میں مزید جاننے کا تجسس پیدا کرے۔

آپ خود روزانہ درجنوں اشتہارات دیکھتے ہیں، لیکن کسی اشتہار کو دیکھتے ہی اٹھ کر خریداری کرنے نہیں نکل جاتے۔ البتہ اگر کوئی اشتہار آپ کے لئے دلچسپی پیدا کر دے تو آپ اس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرتے ہیں، ویب سائٹ کھولتے ہیں یا دکان کا رخ کرتے ہیں۔

CV کے ساتھ بھی بالکل یہی معاملہ ہے۔

آپ کی ریزومے کا مقصد یہ نہیں کہ اسے دیکھتے ہی ہائرنگ مینیجر آپ کو نوکری دینے کا فیصلہ کر لے۔ اس کا پہلا مقصد صرف اتنا ہے کہ وہ ابتدائی چند سیکنڈز میں اس کی توجہ حاصل کر لے۔

اگر ہائرنگ مینیجر آپ کی CV پر چند لمحے گزارنے کے بعد یہ سوچ لے کہ "یہ امیدوار دلچسپ لگ رہا ہے، مجھے اس کی CV مزید تفصیل سے پڑھنی چاہیے"، تو آپ اپنی پہلی رکاوٹ عبور کر چکے ہیں۔

یاد رکھیں، اکثر CVs کو ابتدا میں صرف چند سیکنڈ ملتے ہیں۔ انہی چند سیکنڈز میں آپ کو یہ فیصلہ اپنے حق میں کروانا ہوتا ہے کہ آپ کی ریزومے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا بلکہ اس پر مزید وقت صرف کیا جائے گا۔

یہ دراصل ایک نفسیاتی غلطی ہے۔ جب ہم کوائف نامہ کو محض ایک رسمی دستاویز سمجھتے ہیں تو ہم اس پر وہ محنت اور توجہ نہیں دیتے جس کا یہ مستحق ہے۔ لیکن جب ہم اسے اپنی ذاتی مارکیٹنگ کا سب سے اہم ذریعہ سمجھنے لگتے ہیں تو اس کو بنانے کا پورا انداز بدل جاتا ہے۔

اس لیے سب سے پہلے اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں۔

سی وی کا کام نوکری حاصل کرنا نہیں، بلکہ اگلا دروازہ کھلوانا ہے۔ ایک اچھی ریزومے پڑھنے والے کے ذہن میں یہ سوال پیدا کرتی ہے:

مجھے اس شخص کے بارے میں مزید جاننا چاہیے۔

اور جب ہائرنگ مینیجر یہ سوچنے لگے، تو سمجھیں آپ کا کوائف نامہ اپنا پہلا اور سب سے اہم مقصد حاصل کر چکاہے۔

دوسری غلطی: اپنا تعارف نہ کروانا

آپ کو شاید یہ بات عجیب لگے۔

آپ کہیں گے کہ "CV تو ویسے ہی تعارف کروانے کے لیے بھیجی جاتی ہے، اب اس میں اور کیا کرنا باقی رہ جاتا ہے؟"

بات درست ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہم اکثر تعارف کے نام پر ایسا مواد لکھ دیتے ہیں جو ہمارے بارے میں کچھ خاص بتاتا ہی نہیں۔

CV کے شروع میں عام طور پر ایک حصہ ہوتا ہے جسے Objectiveکہا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے اکثر لوگ یہاں چند ایسے روایتی اور گھسے پٹے جملے لکھ دیتے ہیں جنہیں پڑھ کر کسی ہائرنگ مینیجر کی دلچسپی پیدا نہیں ہو سکتی۔ مثلاً: ایک محنتی اور پرجوش فرد جو ایک اچھی کمپنی میں اپنی خدمات انجام دینا چاہتا ہے۔ میرا مقصد ادارے کی خدمت کرنا اور اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ ایک چیلنجنگ ماحول میں کام کر کے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا چاہتا ہوں۔

ذرا خود سوچیں۔ اگر یہی جملے ایک سو مختلف امیدواروں کی CVs میں لکھے ہوں تو ان سے یہ کیسے معلوم ہوگا کہ آپ باقی لوگوں سے مختلف ہیں؟

حقیقت یہ ہے کہ ایسے جملے کسی کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتاتے۔ نہ اس کے تجربے کا پتا چلتا ہے، نہ مہارتوں کا، نہ کامیابیوں کا اور نہ ہی مستقبل کے اہداف کا۔

نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آپ ہائرنگ مینیجر کے وہ چند قیمتی سیکنڈ ضائع کر دیتے ہیں جو آپ کو دوسروں سے ممتاز کرنے کے لیے ملے تھے۔

اس کے بجائےاپنے کوائف نامہکے آغاز میں Objectiveنہیں بلکہ Professional Summaryلکھیں۔

Objective اور Professional Summary کا تقابلی خاکہ۔

Objective اور Professional Summary کا تقابلی خاکہ۔

پروفیشنل سمری آپ کا حقیقی تعارف ہے۔ یہ چند سطریں پڑھ کر سامنے والے کو فوراً اندازہ ہو جانا چاہیے کہ: آپ کون ہیں؟ آپ کے پاس کتنا اور کس نوعیت کا تجربہ ہے؟ آپ کی نمایاں صلاحیتیں کیا ہیں؟ اور آپ اپنے کیریئر میں اگلا قدم کیا لینا چاہتے ہیں؟

ایک اچھا اصول یہ ہے کہ آپ کی پروفیشنل سمری اتنی منفرد ہونی چاہیے کہ کوئی دوسرا شخص اسے کاپی کر کے اپنی پیشہ ورانہ دستاویزپر نہ لگا سکے۔

مثال کے طور پر ایک تازہ گریجویٹ لکھ سکتا ہے: کمپیوٹر سائنس کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد میں اب ایک فل ٹائم سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کیریئر کا آغاز کرنا چاہتا ہوں۔ دورانِ تعلیم ویب ڈیولپمنٹ میں تین سال جز وقتی کام کیا، متعدد ویب سائٹس تیار کیں اور مختلف کلائنٹس کے ساتھ کام کرنے کا عملی تجربہ حاصل کیا۔ اب ایک ایسی آئی ٹی کمپنی کا حصہ بننا چاہتا ہوں جہاں اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکوں اور کاروباری مسائل کے مؤثر حل تیار کر سکوں۔

کچھ مزید مثالیں ملاحظہ کریں: مثال 1: ڈیجیٹل مارکیٹنگ۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران فری لانس بنیادوں پر مختلف کلائنٹس کے لیے ڈیجیٹل مارکیٹنگ مہمات چلائیں جن کے نتیجے میں بعض منصوبوں میں کسٹمر انگیجمنٹ میں 30 فیصد تک اضافہ ہوا۔ آن لائن کورسز اور عملی تجربے کے ذریعے مہارتیں حاصل کیں اور اب ایک پیشہ ور سافٹ ویئر ہاؤس یا مارکیٹنگ ایجنسی میں اپنی صلاحیتوں کو مزید وسعت دینا چاہتا ہوں۔

مثال 2: اکاؤنٹنگ۔ ACCA مکمل کرنے کے بعد تین سال تک ایک نجی ادارے میں بطور سینئر اکاؤنٹنٹ خدمات انجام دیں۔ اس دوران مالیاتی ریکارڈ کو کامیابی سے Excel سے QuickBooks پر منتقل کیا، رپورٹنگ کے عمل کو بہتر بنایا اور حسابی غلطیوں میں نمایاں کمی لائی۔ اب کسی بڑے ادارے کے فنانس ڈیپارٹمنٹ میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اگلے درجے تک لے جانا چاہتا ہوں۔

یاد رکھیں، ہائرنگ مینیجر آپ کی خواہشات جاننے سے پہلے آپ کی قابلیت جاننا چاہتا ہے۔ اس لیے CV کے آغاز میں یہ مت بتائیں کہ آپ کیا چاہتے ہیں، بلکہ یہ بتائیں کہ آپ کون ہیں اور آپ کیا قدر (Value) لے کر آتے ہیں۔ یہی ایک مؤثر پروفیشنل سمری کا بنیادی مقصد ہے۔

تیسری غلطی: اپنی کامیابیوں کا تذکرہ نہ کرنا

CV لکھتے وقت ایک بہت عام غلطی یہ ہوتی ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریاں (Responsibilities)تو لکھ دیتے ہیں، لیکن اپنی کامیابیوں (Achievements)کا ذکر نہیں کرتے۔ یاد رکھیں، کمپنی نے آپ کو اس لیے ملازمت پر نہیں رکھا تھا کہ آپ صرف کام کریں۔ کمپنی اس بات میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے کہ آپ کے کام سے کیا فرق پڑا، کیا نتائج حاصل ہوئے، اور آپ نے ادارے کے لیے کیا قدر پیدا کی۔

اسی لیے اپنی CV میں صرف یہ مت بتائیں کہ آپ کیا کرتے تھے، بلکہ یہ بتائیں کہ آپ نے کیا حاصل کیا۔ مثال کے طور پر: ہمیں کیا لکھنا چاہیے۔ ہم کیا لکھتے ہیں۔ گاہکوں کی شکایات کو خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ انداز میں حل کیا، مسائل کی مکمل تحقیق کے بعد مؤثر حل پیش کیے جس کے نتیجے میں گاہکوں کی شکایتیں پچیس فیصد کم ہوئیں۔ کسٹمر سپورٹ مہیا کی۔ ماہانہ مالیاتی رپورٹس بروقت تیار کیں اور اکاؤنٹنگ کے عمل کو منظم بنا کر رپورٹنگ مقررہ وقت سے دو دن پہلے مکمل کی۔ کمپنی کے ماہانہ اکاؤنٹس تیار کیے۔ نئی مارکیٹوں اور ممکنہ گاہکوں کی نشاندہی کی، مؤثر مارکیٹنگ سرگرمیوں کے ذریعے فروخت میں 20 فیصد اضافہ کرنے میں کردار ادا کیا۔ کمپنی کی سیلز اور مارکیٹنگ کی۔

ان مثالوں میں فرق بہت واضح ہے۔پہلا جملہ صرف یہ بتاتا ہے کہ آپ نے کیا کام کیا، جبکہ دوسرا جملہ یہ دکھاتا ہے کہ آپ نے وہ کام کتنا اچھا کیا اور اس کا نتیجہ کیا نکلا۔

ہائرنگ مینیجر روزانہ درجنوںدرخواستیںدیکھتا ہے۔ اسے پہلے ہی معلوم ہوتا ہے کہ ایک اکاؤنٹنٹ اکاؤنٹس بناتا ہے، ایک سیلز پرسن سیلز کرتا ہے، اور ایک کسٹمر سپورٹ نمائندہ گاہکوں سے بات کرتا ہے۔ جو چیز اسے متاثر کرتی ہے وہ یہ ہے کہ آپ نے اپنی ذمہ داری کو کس طرح نبھایا اور کیا مثبت اثر پیدا کیا۔

اس انداز میں CV لکھنے کے لیے تھوڑی محنت درکار ہوتی ہے۔ آپ کو بیٹھ کر اپنے پورے کیریئر پر غور کرنا ہوگا۔ اپنی ہر ملازمت کے بارے میں سوچیں: آپ نے کون سا مسئلہ حل کیا؟ کون سا عمل بہتر بنایا؟ کس کامیابی پر آپ کو فخر ہے؟ آپ کے کام سے کمپنی، ٹیم یا گاہک کو کیا فائدہ پہنچا؟

اس مشق کے لیے وقت نکالیں۔ اگر ایک دو دن نہیں بلکہ ایک ہفتہ بھی لگ جائے تو کوئی حرج نہیں۔ اپنے تجربات، کامیابیوں اور اثرات کو یاد کریں، پھر انہیں مختصر مگر مؤثر الفاظ میں بیان کریں۔

دنیا کی معروف کیریئر کوچ لز ریان (Liz Ryan)ایک بہت اہم بات کہتی ہیں:

سی وی میں ذمہ داریوں کے بجائے کامیابیاں لکھنے کی وضاحت۔

سی وی میں ذمہ داریوں کے بجائے کامیابیاں لکھنے کی وضاحت۔

دنیا کی معروف کیریئر کوچ

ہمیں یہ مت بتائیں کہ اس نوکری میں آپ کی ذمہ داریاں کیا تھیں۔

ہمیں یہ بتائیں کہ آپ نے کیا کر دکھایا۔

L
Liz Ryan— Career Coach
shama.pk

یہی ایک عام ریزومے اور ایک کار آمد ریزومے کے درمیان اصل فرق ہے۔ ذمہ داریاں ہر کوئی لکھتا ہے، لیکن کامیاب امیدوار اپنی کامیابیاں لکھتے ہیں۔

چوتھی غلطی: بہت لمبے اور مشینی جملوں کا استعمال

اپنے کیرئیر دوران میں نے بے شمار ایسی CVs دیکھی ہیں جن میں لمبے لمبے پیراگراف اور روزمرہ کی ذمہ داریوں کی تفصیلی فہرست لکھی ہوتی ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ایسی دستاویز پڑھنے والے پر کوئی خاص اثر نہیں ڈالتی۔ یاد رکھیں، ہائرنگ مینیجر ناول نہیں پڑھ رہا ہوتا۔ وہ چند سیکنڈز میں یہ فیصلہ کر رہا ہوتا ہے کہ آپ کی CV کو مزید وقت دینا ہے یا نہیں۔

اسی لیے میں یہی مشورہ دیتا ہوں کہ لمبے، پیچیدہ اور مشینی جملوں کے بجائے مختصر، واضح اور اثر انگیز جملے استعمال کریں۔ ایک عام غلط فہمی یہ ہے کہ جتنا زیادہ لکھا جائے گا، اتنا ہی زیادہ تجربہ ظاہر ہوگا۔ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ غیر ضروری تفصیل اکثر یہ تاثر دیتی ہے کہ امیدوار اصل بات چھپانے کے لیے الفاظ کی بھرمار کر رہا ہے۔

مثال کے طور پر یہ عبارت دیکھیں: Monthly, bank reconciliation, booking ledger entries, finding reconciling items, obtaining bank statements, tracing entries, booking reconciliation items, getting approval, keeping appropriate records.

اس میں غلط کچھ نہیں، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ یہ صرف کاموں کی ایک فہرست ہے۔ یہ پڑھنے والے کو یہ نہیں بتاتی کہ آپ کی کارکردگی کیا تھی، آپ نے کیا فرق پیدا کیا یا آپ کی قدر (Value) کیا تھی۔

اس کے مقابلے میں یہ جملہ دیکھیے: Ensured that all 30 company bank accounts remained fully reconciled with financial records by developing automated tools that improved accuracy and efficiency.

سی وی کے لمبے اور مشینی جملوں کی مثال۔

سی وی کے لمبے اور مشینی جملوں کی مثال۔

یہ مختصر بھی ہے، واضح بھی، اور اس میں نتیجہ بھی نظر آ رہا ہے۔ CV میں ہمیشہ یہ کوشش کریں کہ: ذمہ داری کے بجائے نتیجہ بیان کریں۔ سرگرمی کے بجائے اثر (Impact) دکھائیں۔ لمبی وضاحت کے بجائے طاقتور جملہ لکھیں۔ جہاں ممکن ہو، اعداد و شمار شامل کریں۔

اچھی CV کی زبان فائلوں اور رپورٹوں والی زبان نہیں ہوتی، بلکہ اشتہار والی زبان ہوتی ہے۔ اس کا مقصد ہر کام کی تفصیل دینا نہیں، بلکہ چند الفاظ میں یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ آپ دوسروں سے بہتر امیدوار کیوں ہیں۔

پانچویں غلطی:CV کی پریزنٹیشن کو نظر انداز کرنا

میں نے اپنی زندگی میں سینکڑوں CVs دیکھی ہیں، اور ایک بات بار بار محسوس کی ہے: بہت سے امیدوار اچھی قابلیت اور تجربہ رکھتے ہیں، مگر اپنی CV کو اس انداز میں پیش نہیں کرتے کہ ان کی صلاحیتیں نمایاں ہو سکیں۔

اکثر CVs بے ترتیب اور غیر منظم ہوتی ہیں۔ معلومات تو موجود ہوتی ہیں، مگر پڑھنے والے کو فوری طور پر سمجھ نہیں آتا کہ: امیدوار کتنے سال کا تجربہ رکھتا ہے؟ اس کی موجودہ ملازمت کیا ہے؟ وہ اس وقت جاب کر رہا ہے یا دستیاب ہے؟ کس شہر میں رہتا ہے؟ اس کی بنیادی مہارتیں کیا ہیں؟

اگر ہائرنگ مینیجر کو پہلے پانچ سیکنڈ میں یہ محسوس ہو جائے کہ اس CV کو سمجھنے کے لیے بہت محنت کرنا پڑے گی، تو وہ عموماً اگلی CV کی طرف بڑھ جاتا ہے۔ وجہ سادہ ہے: اس کے پاس وقت کم اور امیدوار زیادہ ہوتے ہیں۔

اسی وجہ سے CV کی ساخت (Structure) اور ترتیب (Layout) اتنی ہی اہم ہے جتنی اس کے اندر لکھی ہوئی معلومات۔ آپ کا بنایا ہوا کوائف نامہ کسی کمپنی کو بتاتا ہے کہ آپ اپنے کام میں نفاست کا کتنا خیال رکھتے ہیں۔ اس کی خوبصورتی اور معیار آپ کے کردار اور کام کی گواہ ہوتی ہے۔

ڈیزائن کے معاملے میں بھی ہم اکثر دو انتہاؤں پر چلے جاتے ہیں۔ یا تو اتنی رنگ برنگی اور ڈیزائن سے بھری CV بنا دیتے ہیں کہ اصل معلومات گم ہو جاتی ہیں، یا پھر اتنی خشک اور بے جان CV تیار کرتے ہیں کہ اسے دیکھ کر ہی دلچسپی ختم ہو جائے۔

shama.pk · career · غلطی 05

CV دیکھی پہلے جاتی ہے، پڑھی بعد میں

پریزنٹیشن کو نظر انداز کرنا — پانچویں اور سب سے زیادہ نظر آنے والی غلطی

دو انتہائیں — اور ایک تیسری خرابی
بہت رنگ برنگی
اصل معلومات رنگوں میں گم ہو جاتی ہیں
خشک اور آدھا صفحہ خالی
نہ عنوان، نہ ترتیب — دیکھ کر ہی دلچسپی ختم
سانس لینے کی جگہ نہیں
اتنی بھری ہوئی کہ نظر کہیں ٹھہرتی نہیں
درست CV — پانچ سیکنڈ میں پانچ جواب
1کتنے سال کا تجربہ ہے؟
2موجودہ ملازمت کیا ہے؟
3ابھی جاب کر رہا ہے یا دستیاب ہے؟
4کس شہر میں رہتا ہے؟
5بنیادی مہارتیں کیا ہیں؟
1
2
3
4
5
CLEAN · BALANCED
سادہ، متوازن، پروفیشنل
لمبائی — کتنے صفحے؟
1 صفحہ
نیا گریجویٹ، تجربہ نہیں
2 صفحات ✓
زیادہ تر امیدواروں کے لیے بہترین
4–5 صفحات ✕
متاثر نہیں کرتا — تھکا دیتا ہے

آپ کی CV کمپنی کو بتاتی ہے کہ آپ اپنے کام میں
نفاست کا کتنا خیال رکھتے ہیں۔

ہائرنگ مینیجر کے پاس وقت کم اور امیدوار زیادہ ہوتے ہیں۔shama.pk

ساتھ ہی صفحے کا توازن بھی اہم ہے۔ CV نہ تو اتنی خالی ہونی چاہیے کہ آدھا صفحہ سفید نظر آئے، اور نہ ہی اتنی بھری ہوئی کہ پڑھنے والے کو سانس لینے کی جگہ نہ ملے۔

ایک اور عام مسئلہ CV کی لمبائی ہے۔ کبھی ہم دوسروں کو متاثر کرنے کے لیے چار یا پانچ صفحات کی CV بنا لیتے ہیں، اور کبھی اتنا مختصر لکھتے ہیں کہ اپنی صلاحیتوں کا صحیح تعارف ہی نہیں کروا پاتے۔ میری رائے میں زیادہ تر امیدواروں کے لیے دو صفحات پر مشتمل CV بہترین انتخاب ہے۔

اگر آپ نئے گریجویٹ ہیں اور ابھی عملی تجربہ نہیں رکھتے تو ایک صفحہ کافی ہو سکتا ہے۔ لیکن چند سال کا تجربہ رکھنے والے امیدوار کے لیے دو صفحات عموماً مناسب رہتے ہیں۔

میرے تجربے میں بہترین CV وہ ہوتی ہے جو سادہ، صاف ستھری، متوازن اور پروفیشنل ہو۔ ایسی CV جس میں معلومات تلاش کرنا آسان ہو اور اہم چیزیں فوراً نظر آ جائیں۔

آخر میں ایک بات ہمیشہ یاد رکھیے:

کوئی بھی شخص آپ کی CV کو پڑھتا بعد میں ہے،

دیکھتا پہلے ہے۔

shama.pk

عاطف شہباز

بانی شمع.pk

اپنے کیریئر کے اگلے قدم کے لیے تیار ہیں؟

نوجوانوں کے لیے مکمل کیریئر رہنمائی کورس اردو میں دیکھیں۔

کورس دیکھیں